اس صدی کا مقابلہ کرنے کے لئے نوجوانوں کو علم کے ہتھیار سے لیس ہونا ہوگا،کامریڈ عمران بلوچ

حب (این این آئی) بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (پجار) کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین کامریڈ عمران بلوچ نے کہا ہے کہ ان قوموں نے کبھی بھی ترقی کی منازل طے نہیں کیں جنہوں نے اپنے اپنے تعلیمی اداروں کو آباد نہیں کیا موجودہ دور علم و ٹیکنالوجی کا دور ہے اس صدی کا مقابلہ کرنے کے لئے نوجوانوں کو علم کے ہتھیار سے لیس ہونا ہوگا۔ اپنے بچوں اور بچیوں کو تعلیمی اداروں میں بھیج کر ان کے اور اپنی قوم کے روشن مستقبل کو تاریک ہونے سے بچانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج حب میں بی ایس او (پجار) حب زون کے زیر اہتمام منعقدہ ایڈمیشن اسٹال میں نئے داخلہ لینے والے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حب زون کے صدر وقار بلوچ، جنرل سیکریٹری وسیم حیات، نائب صدرکامران لاسی، جونیئر جوائنٹ سیکریٹری نعیم بلوچ و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس او (پجار) نے بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمے اور بلوچستان میں تعلیمی انقلاب لاکر ہمیشہ کے لئے جہالت ، ناخواندگی کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہمہ وقت جدوجہد کی ہے انہو ں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی اور دیگربنیادی و اہم سہولیات کی عدم فراہمی نے تعلیمی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے جو کہ ہمارے لئے بہت بڑا تعلیمی المیہ ہے۔ لہٰذا نوجوانوں کو چاہئے کہ کسی بھی چیز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ہر حال میں اپنا رخ تعلیمی اداروں کی طرف کرکے ایک پڑھے لکھے وخوشحال بلوچستان کی جانب قدم رکھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے